آسٹریلیا کے شہری پاکستانی خاندان پر فائرنگ؛ پولیس نے سی سی ڈی اہلکار کی گرفتاری ڈال دی

واقعے کی گہرائی سے انکوائری کی جا رہی ہے اور جیسے ہی تمام حقائق اور شواہد سامنے آئیں گے، اس ہولناک جرم کے اصل ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق عبرت ناک کارروائی کی جائے گی؛ ڈی پی او چکوال

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 جون 2026 12:53

آسٹریلیا کے شہری پاکستانی خاندان پر فائرنگ؛ پولیس نے سی سی ڈی اہلکار ..
چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون2026ء) صوبہ پنجاب کے ضلع چکوال میں آسٹریلیا کے شہری پاکستانی خاندان پر فائرنگ کے نتیجے میں 9 سالہ بچی کے جاں بحق ہونے پر پولیس نے سی سی ڈی اہلکار کی گرفتاری ڈال دی۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی شہری عدیل احمد اپنی اہلیہ ڈاکٹر سدرہ، بیٹے عفان اور 9 سالہ بیٹی ہانیہ احمد کے ہمراہ فریضۂ حج ادا کرنے کے بعد محض دو دن قبل ہی خوشی خوشی پاکستان پہنچے تھے، تاہم چکوال کی حدود میں سی سی ڈی اہلکاروں کی جانب سے ڈاکو سمجھ کر گاڑی پر فائرنگ کرکے اس خاندان کی خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا گیا، فائرنگ کے نتیجے میں 9 سالہ آسٹریلوی شہری ہانیہ احمد موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ اس کا معصوم بھائی اور والد شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا میں آباد پاکستانی کمیونٹی اپنی اس معصوم بچی کے قتل اور خاندان پر ہونے والے ظلم پر شدید صدمے اور سوگ میں مبتلا ہے، آسٹریلیا کی حکومت نے اپنی 9 سالہ شہری ہانیہ احمد کے بے دردی سے قتل اور اس کے خاندان کے دیگر ارکان کو شدید زخمی کیے جانے کے واقعے کا انتہائی سخت نوٹس لے لیا ہے اور کینبرا میں موجود حکام اس معاملے پر پاکستانی وزارتِ خارجہ سے رابطے میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی نے اس سنگین جرم اور عالمی دباؤ سے جان چھڑانے کے لیے فوری طور پر اپنے ماتحت سی سی ڈی اہلکار کی گرفتاری ڈال دی ہے تاکہ ہائی پروفائل افسران یا محکمے کو بدنامی سے بچایا جا سکے، دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال نے اس واقعے کو انتہائی افسوس ناک اور وحشیانہ قرار دیا، ان کا کہنا ہے کہ واقعے کی گہرائی سے انکوائری کی جا رہی ہے اور جیسے ہی تمام حقائق اور شواہد سامنے آئیں گے، اس ہولناک جرم کے اصل ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق عبرت ناک کارروائی کی جائے گی۔