وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس،چیف منسٹر ماڈل سکولز کے قیام کے لیے قانونی فریم ورک کی تیاری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت

بدھ 3 جون 2026 14:47

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا  کی زیر صدارت اجلاس،چیف منسٹر ماڈل سکولز کے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2026ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت چیف منسٹر ماڈل سکولز کے قیام سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق وزیر اعلیٰ کو چیف منسٹر ماڈل سکولز کے مجوزہ منصوبے اور ابتدائی خدوخال پر بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے مجموعی طور پر 72 چیف منسٹر ماڈل سکولز قائم کیے جائیں گے۔

چیف منسٹر ماڈل سکولز کے قیام کے لیے 9.5 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ بریفنگ کے مطابق چیف منسٹر ماڈل سکولز کے لیے علیحدہ قانون اور قواعد و ضوابط مرتب کیے جائیں گے اور سکولز کے انتظامی امور چلانے کے لیے سینٹرلائزڈ بورڈ آف گورنرز قائم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے چیف منسٹر ماڈل سکولز کے قیام کے لیے قانونی فریم ورک کی تیاری کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ چیف منسٹر ماڈل سکولز کا قیام ہماری حکومت کے تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ماڈل سکولز میں جدید تدریسی نظام، تربیت یافتہ اساتذہ اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، چیف منسٹر ماڈل سکولز میں طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے تعلیمی نظام کی بہتری اور معیار حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع اور دیرپا اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ماڈل سکولز کو صوبے میں معیاری اور جدید تعلیم کا مثالی ماڈل بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل صوبے کے روشن مستقبل اور انسانی ترقی پر سرمایہ کاری ہے۔