لاہورمیں قربانی کا گوشت اکٹھا کرنے والے باپ بیٹے نے ایک کروڑ سے زائد کی واردات کر ڈالی

دونوں باپ بیٹا عید کے روز سائیکلوں پر سوار ہوکرمختلف گھروں کی ریکی کرتے رہے، ڈی آئی جی آپریشنز

بدھ 3 جون 2026 20:00

لاہورمیں قربانی کا گوشت اکٹھا کرنے والے باپ بیٹے نے ایک کروڑ سے زائد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2026ء) لاہور میں عید الاضحی پر قربانی کا گوشت اکٹھا کرنے والے باپ بیٹے نے ایک کروڑ سے زائد کی واردات کر ڈالی۔لاہور کے علاقے ڈیفنس میں عیدالاضحی کے روزایک کروڑروپے سے زائد مالیت کی چوری کی واردات کا معمہ حل کرلیاگیا،پولیس نے قربانی کاگوشت جمع کرنے کی آڑمیں گھروں کی ریکی کرنے والے باپ بیٹے کوگرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزمان جوزف اور جمشید کو ٹبہ گوہاوہ سے گرفتارکیاگیا، دونوں باپ بیٹا عید کے روز سائیکلوں پرسوارہوکرمختلف گھروں کی ریکی کرتے رہے اورقربانی کا گوشت مانگنے کے بہانے گھروں کے حالات کا جائزہ لیتے رہے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے واردات سے قبل تین بار گھر کی گھنٹی بجا کر اہل خانہ کی عدم موجودگی کی تصدیق کی،بعد ازاں ایک ملزم گیٹ پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا اور تقریباً ایک گھنٹے تک اندر موجود رہا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان نے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیورات،گھڑیاں،غیرملکی کرنسی اوردیگر قیمتی سامان چوری کیا،واردات کے بعددونوں ملزمان مختلف گھروں سے قربانی کا گوشت بھی اکٹھا کرتے رہے تاکہ کسی کو ان پر شک نہ ہو۔ملزمان کو کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے چوری شدہ زیورات، گھڑیاں اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :