او آئی سی ۔ کامسٹیک ڈی آر اے پی اور وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے تعاون سے بین الاقوامی نمائش اور سیمینار کا انعقاد 9 اور 10 جون کو کریگی

وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سید مصطفی کمال مہمان خصوصی کی حیثیت سے نمائش اور سیمینار کا افتتاح کریں گے

اتوار 7 جون 2026 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2026ء) او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون (او آئی سی ۔ کامسٹیک )ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈی آر اے پی)اور وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کے تعاون سے 9 اور 10 جون کو دو روزہ بین الاقوامی نمائش اور سیمینار کا انعقاد کرے گی۔ کامسٹیک سیکرٹریٹ کے مطابق ایونٹ کا مقصد ریگولیٹرز، پالیسی سازوں، محققین، پریکٹیشنرز، اکیڈمیا، صنعت کے نمائندوں، سائنسدانوں، فارماسسٹوں اور طلبہ کو ابھرتے ہوئے رجحانات، ریگولیٹری فریم ورک، تحقیق کے مواقع اور ہربل، یونانی، روایتی ادویات اور ہومیوپیتھک سیکٹر کے لیے مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہے۔

وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سید مصطفی کمال مہمان خصوصی کی حیثیت سے نمائش اور سیمینار کا افتتاح کریں گے۔

(جاری ہے)

او آئی سی کے متعدد رکن ممالک کے سفیروں اور سفارت کاروں کی بھی اس نمائش میں شرکت اور دورہ متوقع ہے جس میں پاکستان کے معروف جڑی بوٹیوں اور روایتی ادویات کے مینوفیکچررز کی مصنوعات اور اختراعات پیش کی گئی ہیں،ہربل، یونانی، ہومیوپیتھک اور روایتی ادویات کی صنعتوں کی نمائندگی کرنے والے 50 سے زائد مینوفیکچررز اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

قرشی انڈسٹریز، مرحبہ لیبارٹریز، ہمدرد لیبارٹریز، ہربیون، ہربیوٹکس، نیوٹری فیکٹر، ہیمانی، کمال لیبارٹریز، اشرف لیبارٹریز، منٹ فارماسیوٹیکلز، مسعود ہومیوپیتھک لیبارٹریز اور دیگر معروف کمپنیاں اور نمایاں ادارے اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے اور تحقیقی پیشرفت اور ٹیکنا لوجی کے پیش قدمی کو اجاگر کریں گی۔ او آئی سی کامسٹیک کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے اور کامسٹیک کے ان اقدامات کا خاکہ پیش کریں گے جن کا مقصد تحقیق، اختراع، معیار کی یقین دہانی اور روایتی اور تکمیلی ادویات میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

سیمینار میں ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبید اللہ سمیت سینئر ماہرین اور ریگولیٹرز کی طرف سے تکنیکی پیشکشیں پیش کی جائیں گی جو صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں متبادل ادویات کے کردار پر تبادلہ خیال کریں گے۔ صدر قومی طبی کونسل قومی صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں یونانی ادویات کے انضمام پر بات کریں گے جبکہ ڈاکٹر عبدالرشید، کنسلٹنٹ (ہیلتھ انیشیٹوز) کامسٹیک جڑی بوٹیوں کی مصنوعات، متبادل ادویات اور روایتی چینی ادویات کے کلینیکل ٹرائلز سے متعلق رہنما خطوط اور ریگولیٹری تحفظات پیش کریں گے۔

توقع ہے کہ یہ تقریب سٹیک ہولڈرز کے درمیان مکالمے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی اور پاکستان کے جڑی بوٹیوں اور روایتی ادویات کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے قلیل، درمیانی اور طویل مدتی پالیسی سفارشات کی ترقی میں کردار ادا کرے گی۔ جڑی بوٹیوں کی ادویات کی دستاویزی اور معیار کاری اور پاکستان کے لیے ایک جامع ہربل فارماکوپیا کی ترقی کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کی بھی توقع ہے۔نمائش اور سیمینار ثبوت پر مبنی روایتی ادویات ، صنعتی اکیڈمیا کے تعاون کو فروغ دینے، ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط کرنے، اور او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان ہیلتھ سائنسز اور فارماسیوٹیکل اختراع میں بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کے لیے کامسٹیک کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔