سول ہسپتال کا واقعہ ہو یا صوبے کے دیگر اضلاع میں بدامنی کے واقعات ان سب کا تعلق جعلی حکومت کی نااہلی سے بنتا ہے،سردار یعقوب ناصر

اتوار 7 جون 2026 19:56

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2026ء) مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنماء سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ کوئٹہ سول ہسپتال میں دکی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والا سفاکانہ تیزاب حملہ انسانیت اور معاشرتی اقدار پر حملہ ہے ۔انہوں نے واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں خدمات انجام دینے والی نوجوان ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والے افسوسناک تیزاب حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں میں اسے ایک غیر انسانی، بزدلانہ اور قابلِ نفرت فعل قرار دیتا ہوں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر ایک باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور فرض شناس ڈاکٹر ہیں جو عوام کی خدمت کے مقدس فریضے کی انجام دہی میں مصروف تھیں۔

ان پر ہونے والا یہ وحشیانہ حملہ نہ صرف ایک فرد بلکہ پورے معاشرے، خواتین کے تحفظ اور انسانی اقدار پر حملہ ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہیسردار محمد یعقوب خان ناصرنے حکومتِ بلوچستان، محکمہ صحت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فوری طور پر فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے اگر ضرورت پیش آئے تو انہیں کراچی سے بیرونِ ملک کسی جدید اور مستند طبی مرکز منتقل کرکے ہر ممکن اعلیٰ طبی سہولت مہیا کی جائے تاکہ وہ جلد از جلد صحت یاب ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملزم کی فوری طور پر کیفرکردار تک پہنچانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے رکنِ قومی اسمبلی سردار محمد یعقوب خان ناصر نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحتِ کاملہ عطا فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبر و استقامت دے اور انہیں اس مشکل گھڑی سے کامیابی کے ساتھ نکالے۔