مانسہرہ، شنکیاری فارسٹ کالج کے قریب پہاڑی سلسلے میں لگنے والی آگ پر مسلسل 5 گھنٹوں کی کارروائی کے بعد قابو پا لیا

جمعرات 11 جون 2026 14:33

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2026ء) مانسہرہ، شنکیاری فارسٹ کالج کے قریب پہاڑی سلسلے میں لگنے والی آگ پر مسلسل 5 گھنٹوں کی کارروائی کے بعد قابو پا لیا گیا۔ ترجمان ریسکیو 1122مانسہرہ کے مطابق شنکیاری فارسٹ کالج کے قریب پہاڑی سلسلے میں لگنے والی جنگلاتی آگ نے رات کے وقت شدت اختیار کر لی اور قریبی کالج کی جانب بڑھنے لگی، جس پر ریسکیو 1122 مانسہرہ کی فائر فائٹنگ ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 مانسہرہ ابرار علی کی ہدایات پر ریسکیو مانسہرہ نے ٹی ایم اے اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر گزشتہ شب 12 بجے سے مسلسل آپریشن جاری رکھتے ہوئے دشوار راستوں اور سخت موسمی حالات کے باوجود آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ طویل اور کامیاب کارروائی کے بعد صبح 5 بجے آگ کو مزید پھیلنے سے روک کر مکمل قابو پا لیا۔ ریسکیو 1122 مانسہرہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں آگ سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع 1122 پر دیں۔