محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

جلوسوں ،مجالس میں کسی قسم کی نئی اختراع کی اجازت نہیں ہوگی،اسلحہ نمائش، اشتعال انگیزی اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پر پابندی ڈبل سواری پر پابندی 9اور 10 محرم الحرام کو نافذ ہوگی، بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار پابندی سے مستثنیٰ

جمعرات 11 جون 2026 14:19

محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق یکم سے 10محرم الحرام تک مختلف پابندیوں کا اطلاق ہوگا، محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کسی قسم کی نئی اختراع کی اجازت نہیں ہوگی۔

دفعہ 144کے تحت مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اسی طرح عوامی جذبات، مذہبی عقائد اور فرقوں کو مجروح کرنے والے اشتعال انگیز نعروں، اشاروں اور حرکات پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب نے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات، تبصروں اور مواد کے خلاف بھی سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے، سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع کے ذریعے نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق جلوسوں کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا دیگر اشیا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جلوسوں کے دوران راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔احکامات کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی 9اور 10 محرم الحرام کو نافذ ہوگی، تاہم بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، دیگر تمام پابندیاں یکم سے 10محرم الحرام تک موثر رہیں گی۔