Live Updates

یوکرین کا روس پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ، ماسکو پر 194 خود کش ڈرون داغ دیئے

صدر پیوٹن کی رہائشگاہ کے قریب آئل ریفائنری تباہ، یوکرین نے رات بھر میں پورے روس کو نشانہ بنانے کے لیے مجموعی طور پر 555 ڈرون حملے کیے، زیادہ تر کو ناکام بنادیا؛ روسی حکام کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 جون 2026 17:36

یوکرین کا روس پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ، ماسکو پر 194 خود کش ڈرون داغ ..
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2026ء) یوکرین نے گزشتہ دو سالوں سے جاری لڑائی کے دوران روسی دارالحکومت ماسکو پر اب تک کا سب سے بڑا اور تباہ کن ڈرون حملہ کیا ہے، جس میں سینکڑوں خودکش ڈرونز نے روس کے فضائی دفاعی نظام کو ناکام بناتے ہوئے کریملن کے بالکل قریب واقع آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین نے روس کے دارالحکومت ماسکو کو نشانہ بناتے ہوئے اب تک کی سب سے بڑی فضائی کارروائی کی ہے، رات بھر جاری رہنے والے اس حملے میں درجنوں خودکش ڈرونز روسی فضائی حدود اور ایئر ڈیفنس سسٹم کو ناکام بناتے ہوئے ماسکو کے اندرونی علاقوں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔

بتایا گیا ہے کہ اس حملے کا سب سے اہم اور حساس ترین ہدف ماسکو کی 'کاپوتنیا آئل ریفائنری' تھی، یہ ریفائنری روسی صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور طاقت کے مرکز "کریملن" سے محض 14 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے، یہ پلانٹ ماسکو کے پورے خطے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جو اس علاقے کی 40 فیصد پٹرول اور 50 فیصد ڈیزل کی سپلائی کو اکیلا پورا کرتا ہے، حملے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں ریفائنری سے شدید دھواں اٹھتے اور بھاری دھماکے ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

روسی دفاعی حکام نے حملے کی وسعت کا اعتراف کرتے ہوئے اعداد و شمار جاری کیے ہیں کہ یوکرین نے رات بھر میں پورے روس کو نشانہ بنانے کے لیے مجموعی طور پر 555 ڈرونز داغے، ان میں سے دارالحکومت ماسکو کو نشانہ بنانے کے لیے 194 ڈرونز بھیجے گئے، جن میں سے ایک بڑی تعداد کو مار گرایا گیا ہے، تاہم درجنوں ڈرونز اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

معلوم ہوا ہے کہ حملے کے فوری بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے باعث ماسکو کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر پروازوں کا آپریشن معطل کر دیا گیا اور کئی فلائٹس کو اڑان بھرنے سے روک دیا گیا، ڈرون گرنے اور دھماکوں کے نتیجے میں متعدد مقامات پر انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا اور کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کے لیے فائر فائٹرز رات بھر مصروف رہے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات