جی سی یونیورسٹی میں فال 2026ء کے داخلوں کا آغاز، 120 ڈگری پروگرامز کا اعلان

منگل 23 جون 2026 15:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2026ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے فال 2026کے لیے مین اور کالا شاہ کاکو کیمپس میں داخلوں کا آغاز کر دیا ۔ آن لائن درخواستیں 3جولائی تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ترجمان کے مطابق، رواں سال 63بی ایس، 41ایم ایس/ایم فل اور 16پی ایچ ڈی پروگرامز آفر کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، کالا شاہ کاکو کیمپس میں طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھانے کے لیے کمپیوٹر سائنس کا نیا دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام (اے ڈی پی)بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

بیشتر انڈرگریجویٹ پروگرامز میں داخلے بغیر کسی انٹری ٹیسٹ کے خالصتا تعلیمی میرٹ پر ہوں گے۔ تاہم انجینئرنگ اور قانون کے لیے پی ای سی اور ایچ ای سی کے ٹیسٹ لازمی ہیں۔ پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے ادارہ جاتی ٹیسٹ (GCU-GAT)11جولائی کو لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی سے منظور شدہ ٹیسٹ کا معتبر اسکور رکھنے والے امیدواروں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹی جدید علوم کو نصاب کا حصہ بنا رہی ہے اور طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کالا شاہ کاکو کیمپس کو تیزی سے وسعت دی جا رہی ہے۔ تمام شعبوں میں مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور مالی امداد کے پروگرام بھی بدستور دستیاب ہیں۔

متعلقہ عنوان :