Live Updates

پیٹرول سستاہونے کے باوجود بڑھتی مہنگائی پر قابو پانا ناگزیرہے، صدر کاٹی

ٹرانسپورٹ و کرایوں سمیت پرائس کنٹرول نظام مؤثر بنا کر انڈسٹری کو فوری ریلیف دیا جائے،محمد اکرام راجپوت

جمعہ 3 جولائی 2026 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2026ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر محمد اکرام راجپوت نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود اس کے ثمرات عام شہریوں تک منتقل نہیں ہو سکے، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقہ بدستور مہنگائی کے شدید دباؤ کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو امید تھی کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئے گی، تاہم عملی طور پر ایسا نہیں ہوا۔

ٹرانسپورٹ، کرایوں اور مال برداری میں کیا گیا اضافہ تاحال واپس نہیں کیا گیا، اس کے علاوہ عوام کیلئے بنیادی اشیاء کی قیمتیں بدستور بلند سطح پر برقرار ہیں، جس سے صنعتکاروں اور عوام کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اکرام راجپوت نے ادارہ شماریات کے گزشتہ ماہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.07 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قیمتوں میں استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات مطلوبہ نتائج دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر نگرانی کا فقدان ہے، جبکہ منافع خور عناصر ناجائز منافع کما کر عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

صدر کاٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے حقیقی فوائد عوام تک پہنچانے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کا جواز بنا کر کئے گئے اضافہ کو فوری طور پر واپس کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں، اور پرائس کنٹرول نظام کو فعال بنانے کے ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں واضح کمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو حقیقی ریلیف مل سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات