لطیف کھوسہ کی جھیل سیف اللہ میں اہل خانہ سمیت جاں بحق پاک بحریہ کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کمانڈر کے گھر آمد، اظہار تعزیت

حکومتیں سول ذمہ داری سے بری الزمہ ہوچکی، سانحہ پر میرے پاس الفاظ نہیں ،فیملی کی تین جنریشنز ختم ہو گئیں،احتساب ہونا چاہیے، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 4 جولائی 2026 19:35

لاہورر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2026ء) رہنماء پی ٹی آئی لطیف کھوسہ نے خیبر پختوانخواہ کے سیاحتی مقام وادی کالام کی جھیل سیف اللہ میں جاں بحق ہونے والے پاک بحریہ کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کمانڈر عامر ہندل کے گھر ڈیفنس فیز سکس لاہور میں اہل خانہ سے تعزیت کی۔اس موقع پر میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہماری حکومتیں سول ذمہ داری سے بری الزمہ ہوچکی، سانحہ پر میرے پاس الفاظ نہیں ہے، ان کی فیملی کی تین جنریشنز ختم ہو گئی ہیں،جو بھی ہوا اس کا احتساب ہونا چاہیے، میں ہر طرح سے آپ کے ساتھ ہوں، چھت گر جاتی ہے چودہ بچے مر جاتے ہیں آپ جا کر صرف ٹسوے بہاتے ہیں، حکومت کسی سانحے کی ذمہ داری نہیں لیتی ہے بس جا کر دو جھوٹے آنسو بہاتے ہیں اور بری الزمہ ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں آج یہاں اس حلقے کے بطور ایم این اے حاضر ہوا ہوں، چھ افراد اس سانحہ میں شہید ہوگئے جبکہ ایک بچی مسنگ ہے، ان سانحے پر میرے پاس الفاظ نہیں کہ کیسے اظہار تعزیت کروں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کا مواخذہ ہونا چاہیے، آئندہ کیلئے حکومت کو ایسے سانحات سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر کرنی چاہئیں، آئین کے طالب علم ہونے کے حیثیت سے کہنا چاہتا ہوں، حکومت کا کام لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کر اولین فریضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس معاملے کی تحقیقات کرائیں گے، حکومت پاکستاں کا فرض ہے چیزوں کوریگولیٹ کرنا، آئندہ اس طرح سانحات کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے، میں چیف منسٹر خیبر پختونخواہ سے خود بات کروں گا۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ صرف ایک انکوئری کمیٹی بنانے سے ان کی تسلی نہیں ہوئی نہ ہی ہماری تسلی ہوئی ہے، صرف ایف آئی آر کو درج کر لینا کافی نہیں ہے، خیبر پختونخواہ کی حکومت کو اس پر مکمل انکوائری کرانی چاہیے۔