پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے ضلعی ویمن پروٹیکشن افسران کے اجلاس میں خواتین کو بہترین تحفظ اور خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ

اتوار 5 جولائی 2026 12:08

پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے ضلعی ویمن پروٹیکشن افسران کے اجلاس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین05 جولائی2026ء) پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی (PWPA) کے ہیڈ آفس میں صوبہ بھر کے تمام ضلعی ویمن پروٹیکشن افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے کی۔ اجلاس میں خواتین کو ہر قسم کے تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مؤثر، بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر خواتین کے تحفظ کے لیے جاری اقدامات، ضلعی سطح پر کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنانا پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ضلعی ویمن پروٹیکشن افسران کو خواتین کے تحفظ، معاونت اور فلاح و بہبود سے متعلق خدمات کو مزید مؤثر، مربوط اور عوام دوست بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو فوری اور مؤثر تحفظ فراہم کرنے کے لیے تمام ضلعی دفاتر اپنی استعداد، وسائل اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنائیں، تاکہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے اور انہیں محفوظ ماحول کی فراہمی کے چیئرپرسن پی ڈبلیو پی اے حنا پرویز بٹ کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

پی ڈبلیو پی اے اجلاس کے اختتام پر خواتین کے حقوق کے تحفظ، مؤثر سروس ڈیلیوری اور صوبہ بھر میں خواتین کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔