ایم پی اے سجاد بارکوال کی کوششوں سے ضلع کرک کیلئے اربوں روپے کے فلڈ پروٹیکشن اور آبی ذخائر کے منصوبوں کی منظوری

اتوار 5 جولائی 2026 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2026ء) حکومتِ خیبرپختونخوا نے سابق صوبائی وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی محمد سجاد بارکوال کی مسلسل پیروی اور مؤثر کاوشوں کے نتیجے میں ضلع کرک کے مختلف علاقوں کیلئے اربوں روپے مالیت کے فلڈ پروٹیکشن اور آبی ذخائر کے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ منظور شدہ منصوبوں میں فلڈ پروٹیکشن والز، حفاظتی پٴْشتوں، چیک ڈیمز، کاز ویز اور چھوٹے آبی ذخائر شامل ہیں، جو لواغر الگڈہ، ماشی خیل، کاشو غاڑہ، محبتی کلے، زمری غرذنگ، کاس بانڈہ، لنڈکی کورونہ، پلوسکی بانڈہ، لنڈی واگی، کندہ سراج خیل، تکڑاون، صورتی کلے، چوکارہ ڈوالہ، ونکی کل تنگی الگڈہ، دارکی بانڈہ لوڑہ الگڈہ اور ڈیلی بانڈہ حمید کورونہ سمیت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد موسمی اور اچانک آنے والے سیلاب سے زرعی اراضی، آبادیوں، سڑکوں، پلوں اور دیگر عوامی انفراسٹرکچر کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ان منصوبوں سے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ، آبپاشی کے نظام کی بہتری، زیرِ زمین پانی کی بحالی، مٹی کے کٹاؤ میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔

محمد سجاد بارکوال نے کہا کہ ان منصوبوں کی منظوری متعلقہ حکام کے ساتھ طویل عرصے تک مسلسل رابطوں اور مؤثر پیروی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اسے ضلع کرک کے عوام، خصوصاً سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر بروقت اور شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ علاقہ عمائدین اور مقامی نمائندوں نے منصوبوں کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان سے سیلابی نقصانات میں نمایاں کمی آئے گی، زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا، آمدورفت کا نظام بہتر ہوگا اور ضلع کرک کی طویل مدتی معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔