ازبکستان کے اعلی سطح کے وفد کا لاہور کا دورہ، زراعت و لائیوسٹاک بارے اہم میٹنگ کا انعقاد

اتوار 5 جولائی 2026 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2026ء) ازبکستان کے چیئرمین کونسل آف منسٹرز کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کا دورہ کیا اور لائیو سٹاک، تجارت، سرمایہ کاری اور تحقیق کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ازبکستان پنجاب سے زندہ جانوروں اور حلال گوشت درآمد کرے گا جبکہ مویشیوں کی پروٹین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے الفا الفا چارہ بھی درآمد کیا جائے گا۔

اس حوالے سے زراعت و لائیوسٹاک بارے اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ اور ازبکستان کے سفیر تویتائیف علی شیر حکیمووچ نے شرکت کی، جبکہ وفد میں ازبکستان کے سرمایہ کار اور ماہرین شامل تھے۔

(جاری ہے)

ازبکستان کے وفد کے دورے کا مقصد زرعی شعبہ میں باہمی تعاون بڑھانا ہے۔ اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کا جی ڈی پی میں 25 فیصد حصہ ہے جبکہ پاکستان کی برآمدات میں 70 فیصد حصہ زراعت اور اس کی مصنوعات کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کا ملکی مجموعی زرعی پیداوار میں 70 فیصد حصہ ہے۔ پنجاب سے آم اور کنو کی پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی زراعت کو موسمیاتی تبدیلیوں اور پانی کی قلت جیسے چیلنجز درپیش ہیں جبکہ فارم کی پیداوار اور کسانوں کا منافع بڑھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی تحقیق اور جدید مشینری میں سرمایہ کاری سے زراعت کو ٹرانسفارم کیا جا رہا ہے اور ویلیو ایڈیشن، اسٹوریج اور ویلیو چین پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زراعت و لائیوسٹاک کے شعبوں میں بہتری کے لیے پنجاب اور ازبکستان کے مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔اجلاس کے دوران سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ صوبہ پنجاب کل ملکی پیداوار کا 60 فیصد دودھ اور 65 فیصد گوشت پیدا کرتا ہے۔ازبک وفد نے کہا کہ پنجاب سے زندہ جانوروں اور حلال گوشت کی درآمد کی جائے گی جبکہ پروٹین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے الفا الفا چارہ درآمد کیا جائے گا ۔

چیئرمین کونسل آف منسٹرز قراقل پاقستان فرخد ارمانوف اوراز بائیو وچ نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کے تجربات، استعداد کار اور فنی مہارتوں میں اضافہ کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔قراقل پاقستان کونسل آف منسٹرز کے چیئرمین نے مزید کہا کہ پنجاب کے فارمرز کو ازبکستان میں زرعی و لائیو سٹاک فارمنگ کے لیے زمین اور دیگر سہولیات فراہم کریں گے۔اجلاس کے اختتام پر ازبک وفد کو سیکرٹری زراعت پنجاب کی طرف سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔