پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 2 روز کے دوران بارشوں کا امکان

وزیراعلی مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا

منگل 7 جولائی 2026 17:47

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 2 روز کے دوران بارشوں کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2026ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای)نے آئندہ 2روز کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، فیصل آباد، خوشاب اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ چنیوٹ، اوکاڑہ، قصور، نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، بارشوں کے باعث دریاوں اور ندی نالوں کے بہائو میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ آسمانی بجلی سے بچائو کے لئے محفوظ مقامات پر رہیں، آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں، گردوغبار اور تیز آندھی کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں، سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔