لیبیا سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں بے دخل کیے گئے 175 پاکستانی شہریوں کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع

منگل 7 جولائی 2026 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2026ء) لیبیا سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں بے دخل کیے گئے 175 پاکستانی شہریوں کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے تمام ڈی پورٹ ہونے والے افراد اور انہیں بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف مجموعی طور پر 48 مقدمات اور انکوائریاں درج کر لی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائیاں ملک کے سات زونز میں جاری ہیں۔ گوجرانوالہ زون میں 24 مقدمات درج کیے گئے جن میں 49 ڈی پورٹیز کے ساتھ 37 ایجنٹوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔اسلام آباد اور کوہاٹ زونز میں 9، 9 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 73 نوجوانوں اور ایجنٹوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد میں 3 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 24 ڈی پورٹیز اور 11 ایجنٹ شامل ہیں۔

لاہور زون میں وطن واپس آنے والے 9 شہریوں اور 11 ایجنٹوں کے خلاف 2 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ پشاور اور کراچی میں ایک، ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں مجموعی طور پر 44 ڈی پورٹیز اور 26 ایجنٹ نامزد ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق تمام 175 پاکستانی شہری ویزے پر لیبیا گئے تھے اور وہاں سے غیر قانونی طریقے سے (ڈنکی لگا کر) یورپ پہنچنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ تاہم لیبیا کے حکام نے قانونی جواز کے بغیر قیام پر انہیں حراست میں لے کر 25 مئی کو ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان واپس بھیج دیا تھا۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور تمام مقدمات کی تحقیقات میرٹ پر آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔