Live Updates

پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور، باہمی تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا

منگل 7 جولائی 2026 22:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2026ء) پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان منگل کے روز یہاں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور منعقد ہوا۔پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کی ایڈیشنل سیکریٹری برائے یورپ عائشہ علی نے کی جبکہ بلغاریہ کے وفد کی سربراہی بلغاریہ کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے دوطرفہ تعلقات پیٹکو دوئیکوف نے کی۔

دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور سیاسی روابط، تجارت و معیشت، دفاع، ثقافت، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق فریقین نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے مختلف امکانات پر گفتگو کی۔

(جاری ہے)

مشاورتی اجلاس خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا جہاں دونوں ممالک نے مسلسل رابطے برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا گزشتہ دور 11 اپریل 2023ء کو صوفیہ میں منعقد ہوا تھا۔بعد ازاں بلغاریہ کے وفد کے سربراہ ل پیٹکو دوئیکوف نے سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکریٹری خارجہ نے انہیں اہم علاقائی پیش رفت خصوصاً امریکا اور ایران کے درمیان تنازع میں پاکستان کے ثالثی کردار کے حوالے سے پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات