یہ شکست نہیں دھوکا تھا، ارجنٹائن سے شکست پر مصری کوچ کا سخت ردعمل

کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا، متنازع ریفری فیصلوں نے نتیجہ بدل دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 جولائی 2026 15:03

یہ شکست نہیں دھوکا تھا، ارجنٹائن سے شکست پر مصری کوچ کا سخت ردعمل
اٹلانٹا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 جولائی 2026ء ) مصر کے قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کے ہاتھوں 3-2 سے شکست کے بعد سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے ساتھ “ناانصافی” ہوئی اور انہیں “دھوکا دیا گیا”۔ 
حسام حسن نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہماری قسمت خراب تھی بلکہ حقیقت یہ ہے کہ آج ہمارے ساتھ دھوکا ہوا اور ہمیں انصاف نہیں ملا۔

(جاری ہے)

مصر نے میچ میں دو گول کی برتری حاصل کر لی تھی، تاہم وی اے آر کے ذریعے مصطفیٰ زیکو کا ایک گول منسوخ کر دیا گیا۔ جس پر مصری ٹیم نے شدید اعتراض کیا۔ 
کوچ حسام حسن کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کو ایک واضح پنالٹی بھی نہیں دی گئی جس کے فوراً بعد ارجنٹائن نے فیصلہ کن گول اسکور کر دیا۔ 
انہوں نے کہا کہ بعض فیصلے ارجنٹائن اور اس کے اسٹار کھلاڑی کے حق میں گئے۔ ان کی ٹیم نے عالمی چیمپئن کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا لیکن متنازع ریفری فیصلوں نے نتیجہ بدل دیا۔ 
واضح رہے کہ ارجنٹائن نے آخری لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 3-2 سے کامیابی حاصل کی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ مصر کا ورلڈ کپ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔ 

متعلقہ عنوان :