اراکینِ اسمبلی کےلیے تاحیات مراعات کا قانون عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، احمد نواز خان جدون

بدھ 8 جولائی 2026 19:28

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2026ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری احمد نواز خان جدون نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے اراکینِ اسمبلی کےلیے تاحیات مراعات سے متعلق قانون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب صوبے کے عوام مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، بنیادی سہولیات کی کمی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

بدھ کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف گزشتہ 13 برس سے خیبر پختونخوا میں اقتدار میں ہے، مگر اس طویل عرصے کے باوجود عوام کو ان کی توقعات کے مطابق ترقیاتی منصوبے، مضبوط انفراسٹرکچر، معیاری صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم نہیں کی جا سکیں۔ صوبے کے کئی علاقوں میں سڑکیں، پینے کا صاف پانی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات آج بھی عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔

(جاری ہے)

احمد نواز خان جدون نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کے بجائے حکومت اور اراکینِ اسمبلی اپنی مراعات میں اضافے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ کبھی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ کیا جاتا ہے اور اب تاحیات مراعات اور بلیو پاسپورٹ جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی سے حاصل ہونے والے ٹیکسوں کا مقصد عوام کی خدمت، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، تعلیم و صحت کے نظام کو بہتر بنانا اور انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنا ہے، نہ کہ منتخب نمائندوں کے لیے تاحیات مراعات کا بندوبست کرنا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت فوری طور پر اپنی ترجیحات درست کرے، عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے اور ایسے فیصلوں پر نظرِثانی کرے جن سے عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان اعتماد کی خلیج مزید وسیع ہو۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہر اس اقدام کی مخالفت جاری رکھے گی جو عوامی مفادات کے منافی ہو اور عوام کے حقوق کے تحفظ کےلیے ہر جمہوری اور آئینی فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔