Live Updates

گورنر سندھ کا گورنر ہاؤس میں آنکھوں کے امراض کے ایک روزہ کیمپ کا افتتاح

آنکھوں کے امراض کی بروقت تشخیص اور علاج سے کئی افراد کو بینائی سے محرومی سے بچایا جا سکتا ہے،نہال ہاشمی

جمعرات 10 ستمبر 2026 17:22

گورنر سندھ کا گورنر ہاؤس میں آنکھوں کے امراض کے ایک روزہ کیمپ کا افتتاح
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں آنکھوں کے امراض کی آگاہی، تشخیص اور علاج کے لیے لگائے گئے ایک روزہ کیمپ کا افتتاح کردیا۔ کیمپ میں آنکھوں کے امراض کی تشخیص، علاج اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے تمام ملازمین کیمپ سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی آنکھوں کا بروقت معائنہ اور علاج کرا رہے ہیں۔

آنکھوں کے امراض کی بروقت تشخیص اور علاج سے کئی افراد کو بینائی سے محرومی سے بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آنکھوں کی اصل اہمیت وہی لوگ جانتے ہیں جو بینائی سے محروم ہیں، اس لیے بینائی کے امراض کے تدارک کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی کیمپ سے متعلق میڈیا کے سوال پر کہا کہ احتجاجی کیمپ عوام کے لیے پریشانی کا باعث نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت نہیں چاہتی کہ عوام کو مشکلات یا اضافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ عوام کو حتی الامکان کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ پاکستان اپنی پیٹرولیم ضروریات کے لیے عالمی منڈی سے تیل درآمد کرتا ہے، اس لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں عالمی مارکیٹ سمیت تمام متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے میڈیا کے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ جنگ رکوانے کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کا خاتمہ اور امن کا قیام پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات