سیالکوٹ، دوست کے قتل میں ملوث 4 سال سے روپوش اشتہاری مجرم گرفتار

جمعرات 10 ستمبر 2026 11:25

سیالکوٹ،  دوست کے قتل  میں ملوث 4 سال سے روپوش اشتہاری  مجرم  گرفتار
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2026ء) سیالکوٹ پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران دوست کے قتل میں ملوث 4 سال سے روپوش اشتہاری مجرم م کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق 29 اگست 2022 کو تھانہ حاجی پورہ کے علاقہ بوگڑھا، نالہ ایک کے قریب سے 19/20 سالہ نوجوان شان کی گولیوں سے چھلنی نعش ملی تھی۔

تفتیش میں سامنے آیا کہ مقتول کو مبینہ طور پر اس کے دوست افضل نے ساتھیوں کے ہمراہ اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا اور شواہد چھپانے کے لیے نعش نالے کے قریب پھینک دی۔ملزم واردات کے بعد روپوش ہوگیا اور مسلسل چار سال تک پولیس کو مطلوب رہا۔ ڈی پی او سیالکوٹ نے مقدمے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد اے ایس پی سٹی سرکل بشریٰ عزیز کو اشتہاری ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک سونپا،جس پر اے ایس پی سٹی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ حاجی پورہ کاشف بٹ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزم افضل کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہےکہ مجرم کتنا ہی چالاک کیوں نہ ہو وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور مظلوموں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔