گڈ گورننس کیلئے ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ون ویلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ

جمعہ 10 جولائی 2026 16:57

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گڈ گورننس ماڈل کے مؤثر نفاذ اور عوامی ریلیف کی فراہمی کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راشد محمود، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان، ٹریفک کی صورتحال، تجاوزات، پیشہ ور گداگری، ماحولیاتی آلودگی، اینٹی سمگلنگ مہم، غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ، منشیات کے خاتمے اور شجرکاری مہم سمیت مختلف عوامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ مؤثر انداز میں فرائض انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ون ویلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے، ہیلمٹ کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ، غیر محفوظ سلنڈرز کے کاروبار اور اینٹی سمگلنگ مہم کے تحت غیر قانونی اشیاء کی نقل و حمل روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں تجاوزات کے خلاف آپریشن مزید مؤثر بنانے، سرکاری اراضی واگزار کرانے، پیشہ ور گداگری کے خاتمے کے لیے مشترکہ کارروائیاں تیز کرنے اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ نشہ آور اشیاء کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

شجرکاری مہم کو مزید وسعت دینے، سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور شہریوں کی بھرپور شمولیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی و صوبائی محکمے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ گڈ گورننس کے ثمرات عام شہری تک پہنچ سکیں اور ملتان کو ایک محفوظ، صاف، منظم اور عوام دوست ضلع بنایا جا سکے۔