ارجنٹائن کے خلاف اہم مقابلے سے قبل پوری ٹیم، کوچنگ عملہ اور انتظامیہ مکمل طور پر متحد

انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے مایہ ناز فٹبالر اورکپتان ہیری کین نے ٹیم میں اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا

منگل 14 جولائی 2026 16:49

ارجنٹائن کے خلاف اہم مقابلے سے قبل پوری ٹیم، کوچنگ عملہ اور انتظامیہ ..
اٹلانٹا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2026ء) انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے مایہ ناز فٹبالر اورکپتان ہیری کین نے ٹیم میں اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کے خلاف اہم مقابلے سے قبل پوری ٹیم، کوچنگ عملہ اور انتظامیہ مکمل طور پر متحد ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ تاثر اس وقت پیدا ہوا جب ناروے کے خلاف 1-2 کی کامیابی کے بعد کوچ تھامس ٹوخیل نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کو فتح میں خوش قسمتی کا بھی ساتھ ملا۔

بعد ازاں جوڈ بیلنگھم نے کوچ کے ریمارکس پر مختصر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میدان میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ہیری کین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چند جملوں کی بنیاد پر ٹیم کے اندر اختلافات کی کہانی گھڑنا درست نہیں۔

(جاری ہے)

ان کے بقول انگلینڈ کی کامیابی کا راز کھلاڑیوں، کوچ اور معاون عملے کے درمیان مضبوط اتحاد اور باہمی اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھامس ٹوخیل جذبات کے مطابق کھل کر بات کرتے ہیں اور یہی انداز انہیں دنیا کے بہترین کوچز میں ممتاز بناتا ہے۔

دوسری جانب نوجوان مدافع نیکو او ریلی نے لیونل میسی کے خلاف کھیلنے کو اپنی زندگی کا یادگار موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین فٹبالر کا سامنا کرنے کے لیے پُرجوش ہیں، جبکہ گول کیپر جارڈن پکفورڈ نے خبردار کیا کہ انگلینڈ کو صرف لیونل میسی ہی نہیں بلکہ ارجنٹائن کی پوری ٹیم کے خلاف بہترین حکمت عملی اپنانا ہوگی۔انگلینڈ اور ارجنٹائن کے درمیان عالمی کپ کا سیمی فائنل 15جولائی کو اٹلانٹامیں شیڈول ہے۔ 23 ویں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2026کا فائنل میچ 19 جولائی کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :