افغان مہاجر خواتین کرکٹرز کے عالمی مقابلوں میں شرکت کیلئے راستے کھلنے لگے

طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق پر پابندیوں کے باعث یہ کھلاڑیاں افغانستان کے نام سے نہیں کھیل سکیں گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 جولائی 2026 15:00

افغان مہاجر خواتین کرکٹرز کے عالمی مقابلوں میں شرکت کیلئے راستے کھلنے ..
کابل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جولائی 2026ء ) افغان مہاجر خواتین کرکٹرز کے لیے عالمی مقابلوں میں شرکت کی راہ ہموار ہونے لگی ہے۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پہلی بار افغان مہاجر خواتین کرکٹرز کو 2030ء تک عالمی کوالیفائنگ مقابلوں میں شامل کرنے کے لیے واضح منصوبہ پیش کر دیا ہے۔ 
اس مقصد کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے جو ٹیم کی تربیت، میچز اور ترقیاتی پروگرام کی نگرانی کرے گی۔

 
طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق پر پابندیوں کے باعث یہ کھلاڑیاں افغانستان کے نام سے نہیں کھیل سکیں گی کیونکہ انہیں افغانستان کرکٹ بورڈ کی سرپرستی حاصل نہیں، تاہم انہیں ایک الگ شناخت کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر مسابقتی کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

 

زیادہ تر افغان خواتین کرکٹرز 2021ء کے بعد آسٹریلیا منتقل ہوگئی تھیں جبکہ چند برطانیہ اور کینیڈا میں مقیم ہیں۔

 
انہوں نے پہلی بار 2025ء میں میلبرن میں ایک ٹیم کے طور پر میچ کھیلا جس کے بعد بھارت اور انگلینڈ کے دورے بھی کیے۔ 
آئی سی سی کے تعاون سے ان کھلاڑیوں کو کوچنگ، فزیوتھراپی، تربیتی کیمپس اور بین الاقوامی دوروں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ 
کھلاڑیوں نے اس فیصلے کو اپنے مستقبل کے لیے امید افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب انہیں عالمی کرکٹ میں جگہ بنانے کا واضح ہدف مل گیا ہے۔