پوسٹ گریجویٹ کالج منڈیاں میں پروقار تقریب کا انعقاد، نو تعینات پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اظہر محمود نے نئے پرنسپل کا چارج سنبھال لیا

منگل 14 جولائی 2026 17:03

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2026ء) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج منڈیاں ایبٹ آباد میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر احسان الرحیم نے باقاعدہ طور پر عہدہ کا چارج نو تعینات پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اظہر محمود کے حوالہ کر دیا۔ تقریب میں کالج کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ کرام، انتظامی عملہ، لیبارٹری سٹاف، سپورٹ سٹاف اور دیگر معزز شرکاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے آغاز پر پروفیسر ڈاکٹر احسان الرحیم نے پروفیسر ڈاکٹر اظہر محمود کو کالج آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اظہر محمود کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ کالج کے مختلف شعبہ جات کی جانب سے انہیں پھولوں کے خوبصورت گلدستے پیش کرکے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں تمام شرکاء پرنسپل آفس پہنچے جہاں سب سے پہلے ڈاکٹر اظہر محمود کو گریڈ 21- میں ترقی ملنے پر مبارکباد پیش کی گئی جس کے بعد انہیں بطور پروفیسر پرنسپل ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

تقریب کے اہم مرحلہ میں پروفیسر ڈاکٹر احسان الرحیم اور پروفیسر ڈاکٹر اظہر محمود نے چارج ہینڈنگ اور ٹیکنگ اوور سے متعلق سرکاری دستاویزات پر دستخط کئے۔ اس خوشی کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر احسان الرحیم نے کہا کہ ڈاکٹر اظہر محمود پہلے بھی اس منصب پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور ان کے اپنے دور پرنسپل شپ میں بھی کالج کے اہم انتظامی معاملات ڈاکٹر اظہر محمود کی مشاورت سے ہی انجام پاتے رہے۔

انہوں نے ڈاکٹر اظہر محمود کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس کے بعد پروفیسر ڈاکٹر اظہر محمود نے اپنے خطاب میں کالج کے تمام اساتذہ، ایڈمن سٹاف، لیب سٹاف اور سپورٹ سٹاف کا پرتپاک استقبال اور پرخلوص محبت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس والہانہ عزت افزائی کو اپنے لئے ایک بڑا اعزاز قرار دیا اور بارہا اس پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر احسان الرحیم کی خدمات اور ادارہ کیلئے ان کی گراں قدر کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کالج کو ہمیشہ کی طرح ٹیم ورک، باہمی مشاورت، ہم آہنگی اور موثر رابطہ کاری کے اصولوں کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔ ایڈمن اور لیب سٹاف کی جانب سے کانفرنس روم میں ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں کالج کے تمام اساتذہ اور ملازمین نے شرکت کی۔

اس دوران مختلف سرکاری کالجوں سے معزز مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ فیکلٹی کی جانب سے پرنسپل آفس میں بھی مہمانان گرامی کی تواضع کیلئے خصوصی ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن طارق محمود عباسی، جے ایم سی کوآرڈینیٹر پروفیسر نعیم عباسی اور کیپلا کے جنرل سیکریٹری پروفیسر ظفر بھی خصوصی طور پر تشریف لائے اور نو تعینات پرنسپل کو مبارکباد پیش کی۔

تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر امین اللہ نے ادارہ کی مزید ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے اجتماعی دعا کروائی۔ تقریب میں شریک مہمانوں نے کالج کے تمام اساتذہ اور عملہ کے باہمی اتحاد، یگانگت، محبت، خلوص اور مثالی ٹیم ورک کو بے حد سراہا اور اسے ادارہ کی مضبوط روایات کا مظہر قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :