سی سی ڈی نے گمشدہ اور گھر سے بھاگے 5بچے ٹریس کر کے والدین کے حوالے کر دیئے

ایدھی سینٹر اور سیف سٹی کے تعاون سے کامیاب کارروائیاں، گونگی بہری بچی بھی والدین تک پہنچا دی گئی

جمعرات 16 جولائی 2026 17:04

سی سی ڈی نے گمشدہ اور گھر سے بھاگے 5بچے ٹریس کر کے والدین کے حوالے کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2026ء) سی سی ڈی اغواء برائے تاوان سیل نے کامیاب کاروائیاں کرتے ہوئے گمشدہ اورگھر سے بھاگے 5 بچے ٹریس کر لیے ۔ ترجمان کے مطابق ایدھی سینٹر اور سی سی ڈی کی مشترکہ کاوشیں رنگ لے آئیں۔ ایدھی سنٹر میں 4دن سے موجود لاوارث گونگی،بہری بچی کو سی سی ڈی نے ٹریس کر کے والدین تک پہنچایا ۔ بچی گھر کا ایڈریس سمجھانے میں مکمل طور پر ناکام تھی۔

سی سی ڈی ٹیم نے پچھلے ایک ماہ میں لاہور میں بچیوں کے اغواء کے مقدمات کی تفصیل حاصل کی۔

(جاری ہے)

سی سی ڈی نے گمشدہ بچوں کے والدین سے رابط کرکے بچی کی شناخت کروائی۔ تھانہ مناواں کے مدعی مقدمہ محمد صفدر نے بچی کو شناخت کر لیا اور فوری ایدھی سینٹر پہنچ گیا۔ چار بچوں کے والدین نے بچوں کے اغواء کے مقدمات لاہور کے مختلف تھانوں میں درج کروا رکھے تھے۔ ٹریس کیے گئے بچوں کو بحافظت والدین کے سپرد کر دیا گیا ۔ ایدھی سینٹر اور سیف سٹی کے ذریعے بچوں کی تلاش عمل میں لائی گئی، دکھی والدین نے سی سی ڈی کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت بچوں سے زیادتی، استحصال، چائلڈ لیبر ہماری ریڈ لائن ہے ۔