پنجاب میں خریدی گئی ہر نئی گاڑی کی رجسٹریشن پنجاب میں ہی کرانا لازمی قرار

رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ہی گاڑی خریدار کے حوالے کی جائے، ڈی جی ایکسائز کی کار ساز کمپنیوں اور موٹر برانچز کو ہدایات

جمعرات 16 جولائی 2026 16:33

پنجاب میں خریدی گئی ہر نئی گاڑی کی رجسٹریشن پنجاب میں ہی کرانا لازمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2026ء) پنجاب میں خریدی جانے والی ہر نئی گاڑی کی رجسٹریشن اب لازمی طور پر پنجاب میں ہی کی جائے گی۔ اس حوالے سے ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے موٹر برانچز کے افسران اور کار مینوفیکچررز کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ڈی جی ایکسائز نے ہدایت کی ہے کہ تمام کار مینوفیکچررز اور موٹر برانچز اس بات کو یقینی بنائیں کہ پنجاب میں فروخت ہونے والی ہر گاڑی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ہی مالک کے حوالے کی جائے۔

اس مقصد کے لیے مینوفیکچررز اپنے تمام مجاز ڈیلرز کی فہرستیں متعلقہ موٹر برانچز کو فراہم کریں گے۔عمر شیر چٹھہ کے مطابق تمام ڈیلرز کو بروقت ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم ( ڈی وی آر ایس )کے تحت لائسنس جاری کیے جائیں گے جبکہ پنجاب کے شناختی کارڈ پر خریدی جانے والی گاڑی متعلقہ ڈیلر رجسٹرڈ کر کے ہی خریدار کے حوالے کرے گا۔

(جاری ہے)

ڈیلرز کی فہرستیں موصول ہوتے ہی ڈی وی آر ایس لائسنس کے اجرا کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر میں 102ڈیلرز ڈی وی آر ایس لائسنس کے حامل ہیں اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ ڈیلرز فی گاڑی رجسٹریشن پر 2ہزار روپے سروس چارج وصول کر رہے ہیں تاہم نظام کو مزید شفاف اور مثر بنانے کے لیے ان سروس چارجز میں معمولی اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔یہ ہدایات ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کی کار مینوفیکچررز اور موٹر برانچ ڈائریکٹرز کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران جاری کی گئیں، جس میں متعلقہ اداروں کو فوری عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :