سال بعد عاطف اسلم کا نیا البم ’’صبح آئے نا ‘‘ریلیز کا اعلان

منگل 21 جولائی 2026 16:29

سال بعد عاطف اسلم کا نیا البم ’’صبح آئے نا ‘‘ریلیز کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے تقریباً 18سال بعد اپنے چوتھے سٹوڈیو البم ’’صبح آئے نا ‘‘کی ریلیز کا اعلان کر دیا۔عاطف اسلم نے انسٹاگرام پر البم کا آفیشل کور شیئر کرتے ہوئے گانوں کی فہرست بھی جاری کی، البم میں صبح آئے نا، سفر میں ہوں، عشق، لیٹس ہیو سم فن، سن سجنہ، ہوں عشق میں، چار یار اور سچے وعدے شامل ہیں۔

یہ البم 2008ء میں ریلیز ہونے والے میری کہانی کے بعد عاطف اسلم کا پہلا مکمل سٹوڈیو البم ہوگا، میری کہانی کے گانے تیرے بن، کون تھا، کنارا اور ٹائٹل ٹریک میری کہانی کو مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔اس سے قبل 2006ء میں ریلیز ہونے والے البم دوری میں کچھ اس طرح اور ماہی وے جیسے مقبول گانے شامل تھے جبکہ 2004ء میں ان کے پہلے سولو البم جل پری نے عادت، بھیگی یادیں اور وہ لمحے جیسے ہٹ گانوں کے ذریعے انہیں شہرت کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

گزشتہ دو دہائیوں میں عاطف اسلم نے پاکستان اور بھارت کی متعدد فلموں کے لیے اپنی آواز دی اور تیرا ہونے لگا ہوں، جینا جینا، پہلی نظر میں، دل دیاں گلاں، جینے لگا ہوں، تو جانے نا، او ساتھی اور میں رنگ شربتوں کا جیسے کئی سپر ہٹ گانے پیش کیے۔عاطف اسلم کوک سٹوڈیو میں بھی اپنی منفرد پرفارمنس کے باعث پذیرائی حاصل کر چکے ہیں، جبکہ وہ مختلف بین الاقوامی موسیقاروں کے ساتھ بھی کام کرتے رہے ہیں، حال ہی میں انہوں نے برطانوی-آذربائیجانی موسیقار سمی یوسف کے ساتھ تو ہی میرا رازداں پیش کیا، جسے ابوظہبی کے اتحاد ایرینا میں براہِ راست ریکارڈ کیا گیا تھا۔

عاطف اسلم کے نئے البم کے اعلان پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور اسے ان کے کیریئر کی ایک اہم واپسی قرار دیا جا رہا ہے، صبح آئے نا 18سال بعد ان کا پہلا مکمل سٹوڈیو البم ہوگا، جس کے ذریعے وہ اپنے مداحوں کو نئے اور اصل گانوں کا تحفہ دیں گے۔