اسلحہ کی نمائش،ہوائی فائرنگ،ڈالہ کلچرہرگز برداشت نہیں‘ ڈی آئی جی آپریشنز

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی اقبال ٹائون ڈویژن سے اینٹی کرائم میٹنگ

بدھ 22 جولائی 2026 22:35

اسلحہ کی نمائش،ہوائی فائرنگ،ڈالہ کلچرہرگز برداشت نہیں‘ ڈی آئی جی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اقبال ٹائون ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اپنے دفتر میں اینٹی کرائم میٹنگ منعقدکی۔ ایس پی سکیورٹی، ایس پی اقبال ٹان،سرکل افسران،ایس ایچ اوزاور انچارج چوکی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے حوالے سے تمام تر انتظامات قبل از وقت مکمل کریں۔

ہوٹل آئی، سمارٹ آئی ایپلی کیشن کی ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش،ہوائی فائرنگ،ڈالہ کلچرہرگز برداشت نہیں۔ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کیلئے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کریں۔ فیصل کامران نے کہاکہ جھوٹے مقدمات،غلط دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج ہرگز قبول نہیں۔

(جاری ہے)

تمام ایس ایچ او تھانوں میں آنے والے شہریوں سے عزت سے پیش آئیں۔

انہوں نے ایس ایچ او ہنجروال،ایس ایچ اوساندہ کو نوسربازی میں ملوث عناصر کو گرفت میں لینے جبکہ ایس ایچ او شیراکوٹ کو پبلک سروس ڈلیوری مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مسلم ٹان کو اشتہاری ملزمان پکڑنے کا ٹاسک سونپتے ہوئے ایس ایچ او نواں کوٹ کو موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں کنٹرول کرنے کی ہدایت کی۔ فیصل کامران نے مزید کہا کہ ایس ایچ اوز کرایہ داروں، پرائیویٹ ملازمین کو لازمی رجسٹرڈ کریں۔قحبہ خانوں اورقماربازوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں۔