پیپلز پارٹی کو پنجاب سے بغض ہے، لاڑکانہ کے نوابوں کو عوام پر پیسہ لگنا ہضم نہیں ہو رہا‘ عظمی بخاری

اگر پی پی کی کارکردگی اتنی قابل رشک ہوتی تو سندھ والے مریم نواز کے سندھ کی وزیراعلی بننے کی دعائیں نہ مانگتے بلاول کو نفرت ،تقسیم کی سیاست زیب نہیں دیتی،سندھ میں ترجمانوں کی فوج کیا پنجاب پر غصہ نکالنے کیلئے رکھی ہوئی ہی

جمعرات 23 جولائی 2026 13:40

پیپلز پارٹی کو پنجاب سے بغض ہے، لاڑکانہ کے نوابوں کو عوام پر پیسہ لگنا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2026ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب سے بغض ہے، لاڑکانہ کے نوابوں کو عوام پر پیسہ لگنا ہضم نہیں ہو رہا۔پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کے بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے پیپلز پارٹی کو پنجاب سے کیوں بغض اور نفرت ہے۔

پنجاب میں پنجاب کے عوام کا پیسہ انہی پر لگ رہا ہے، یہی پیپلز پارٹی کو مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی سے جلنے والے جلتے رہیں گے۔ پنجاب میں مریم نواز کی حکومت کو صرف 2 سال ہوئے اور انہوں نے وسائل کو اٹک سے رحیم یار خان اور راولپنڈی سے وہاڑی تک پہنچا دیا ہے۔ لاڑکانہ کے نوابوں کو یہی بات ہضم نہیں ہو رہی۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب میں اگر آپ چوتھے نمبر کی جماعت ہیں تو اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں۔

پنجاب کے لوگ مسلم لیگ (ن)کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔ مرتضی وہاب لاہور میں سیکھنے آئے تو ہم نے اپنے دروازے کھول دئیے۔ ہم چاہتے ہیں جیسی ترقی اور خوشحالی پنجاب میں ہے ایسی سندھ میں بھی ہونی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو کو نفرت اور تقسیم کی سیاست زیب نہیں دیتی۔ آپ ایک جماعت کے چیئرمین ہیں، اپنے عہدے کا خیال کریں۔ سندھ میں ترجمانوں کی فوج کیا پنجاب پر غصہ نکالنے کے لیے رکھی ہوئی ہی ، سندھ کے ترجمانوں نے کبھی ہمیں اپنے حکومت کی کارکردگی کیوں نہیں بتائی ۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ کی کارکردگی اتنی قابل رشک ہوتی تو سندھ والے مریم نواز کے سندھ کی وزیراعلی بننے کی دعائیں نہ مانگتے۔