اہلیہ پیشے کے اعتبارسے ڈاکٹر ،انتخاب والدہ نے کیا،رضوان علی جعفری

جمعرات 23 جولائی 2026 21:03

اہلیہ پیشے کے اعتبارسے ڈاکٹر ،انتخاب والدہ نے کیا،رضوان علی جعفری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2026ء) اداکار رضوان علی جعفری نے بتایا ہے کہ میری اہلیہ پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں، انتخاب والدہ نے کیا۔ ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے رضوان علی جعفری نے کہا کہ میری شادی مکمل طور پر ارینج میرج تھی، ایک دوست نے مجھ سے کہا تھا کہ ماں اپنے بچوں کو خود ان سے بھی بہتر جانتی ہے، کیونکہ وہ بچپن سے ان کی عادات اور مزاج کا مشاہدہ کر رہی ہوتی ہے، اس لئے جب وہ جیون ساتھی کا انتخاب کرتی ہے تو کوشش کرتی ہے کہ ایسا شخص منتخب کرے جس کی عادات آپ سے ہم آہنگ ہوں، اسی لئے میں نے یہ فیصلہ اپنی والدہ پر چھوڑ دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ والدہ نے کئی رشتوں پر غور کیا اور آخرکار میری اہلیہ کا انتخاب کیا، جو پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں اور رشتے میں میری سیکنڈ کزن بھی ہیں۔

(جاری ہے)

اداکار نے کہا کہ میں اس سے پہلے کبھی ان سے نہیں ملا تھا اور نہ ہی انہیں ذاتی طور پر جانتا تھا، البتہ ان کے بہن بھائیوں سے واقف تھا، ہماری منگنی بھی اچانک طے ہوئی، میرے والدین نے صرف اتنا بتایا کہ ہم اسلام آباد جا رہے ہیں، جبکہ میری ہونے والی اہلیہ کو بھی اس بارے میں کوئی علم نہیں تھا، صرف ان کے بہن بھائی اس منصوبے سے آگاہ تھے۔

رضوان علی جعفری نے یہ بھی بتایا کہ جب ہم ان کے گھر پہنچے تو والدہ نے مجھے ان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے رائے پوچھی، اس سے پہلے میں صرف ان کی تصویر دیکھ چکا تھا اور کچھ تذبذب کا شکار تھا، اس لیے والدہ نے ہماری ملاقات کا انتظام کیا، ہم نے کچھ وقت ایک ساتھ گزارا، میں اسی وقت سمجھ گیا تھا کہ یہی وہ ہیں جن کے ساتھ میں اپنی زندگی گزارنا چاہتا ہوں، کیونکہ میں ہمیشہ کہتا تھا کہ میں اسی سے شادی کروں گا جس کے ساتھ مجھے فطری طور پر ایک تعلق محسوس ہو، وہ ایک بہترین خاتون ہیں اور آج میری ایک خوش حال اور محبت کرنے والی فیملی ہے۔

متعلقہ عنوان :