جاہل رہنماء عوام کو بھی اپنی طرح جاہل بنانا چاہتے ہیں، نصیر الدین شاہ طلبہ پر تشدد ہوتا دیکھ کر برہم

جمعرات 23 جولائی 2026 21:03

جاہل رہنماء عوام کو بھی اپنی طرح جاہل بنانا چاہتے ہیں، نصیر الدین شاہ ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2026ء) بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کے زیر اہتمام ہونیوالے طلباء احتجاج کی حمایت کر دی اور ملک کے رہنمائوں کو جاہل اور بے رحم قرار دے دیا۔نصیر الدین شاہ نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ طلباء احتجاج کی حمایت اور احتجاج کرنے والے طلبہ پر تشدد کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ میں دو باتیں کہنا چاہوں گا، پہلی بات تو یہ کہ اگر ایک جاہل ملک کی رہنمائی کرے تو اس کا دل یہی چاہے گا کہ پورا ملک اسی کی طرح جاہل، ناسمجھ، ناقابل اور بے رحم بنے۔اداکار نے بطور ٹیچر زندگی میں ہونے والے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت میرا دل بھرا ہوا ہے اور میں غصے سے کھول بھی رہا ہوں یہ دیکھ کر کہ ہمارے بچوں کے ساتھ کس طرح ظلم کیا جا رہا ہے، ان غنڈوں کے ہاتھ سے جو مجھے امریکا کے آئی سی ای ایجنٹس کی یاد دلاتے ہیں، منہ پر نقاب لگائے اور ہاتھ میں ڈنڈا لیے ہوئے، کبھی اپنے بچو ں کے بارے میں بھی سوچا کرو اور یہ بھی سوچو کہ تمہارا انجام تمہیں بھی ایک دن ضرور ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالب علموں کو پیغام دیا کہ ہمت نہ ہاریں، بہت سے لوگوں کی ہمدردی آپ کے ساتھ ہے، لڑتے رہیں، مجھے اپنے ملک کی نوجوان نسل سے ہمیشہ امید رہی ہے اور اب وہ امید مزید اجاگر ہو گئی ہے، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور اس ملک کی حکومت کو صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ سب یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :