ضیاء الدین بورڈ، میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے نتائج صرف 6 ہفتوں میں جاری، بروقت اور شفاف امتحانی نظام کی نئی مثال قائم

جمعہ 24 جولائی 2026 01:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2026ء) ضیاء الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ سندھ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج صرف چھ ہفتوں میں جاری کرکے ملک کے امتحانی نظام میں ایک نئی مثال قائم کر دی۔ بروقت نتائج کے اعلان کو تعلیمی حلقوں نے شفاف، جدید اور مؤثر امتحانی نظام کی عکاسی قرار دیا ہے، جس سے ہزاروں طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لیے بروقت سہولت میسر آئے گی۔

ضیاء الدین بورڈ کے اکیڈمک ہیڈ شہباز نسیم نے نتائج کے اعلان کے موقع پر کہا کہ یہ کامیابی ضیاء الدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین کے ویژن، تعلیمی اصلاحات اور ادارہ جاتی قیادت کا ثمر ہے، جبکہ بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر ندا حسین کی مؤثر نگرانی، جدید پالیسی سازی اور مسلسل رہنمائی نے امتحانی نظام کو مزید شفاف، مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضیاء الدین بورڈ پاکستان کا پہلا تعلیمی بورڈ بن گیا ہے جس نے صرف چھ ہفتوں کے اندر میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کرکے منفرد اعزاز حاصل کیا۔ ان کے مطابق جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، شفاف طریقہ کار اور مؤثر انتظامی منصوبہ بندی کی بدولت مقررہ مدت سے قبل نتائج کی تیاری ممکن ہوئی۔شہباز نسیم نے اس کامیابی کا سہرا ڈائریکٹر ناصر انصار، ناظم امتحانات عائشہ حسن، سیکریٹری یحییٰ اور بورڈ کی پوری ٹیم کی شبانہ روز محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہترین باہمی رابطہ کاری کو دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اور عملے نے محدود وقت میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں نتائج بروقت جاری کیے جا سکے۔

اعلان کردہ نتائج کے مطابق میڈیکل ریگولر گروپ میں دی آئیڈیل ہائر سیکنڈری اسکول کی آمنہ وسیم نے 1005 نمبر حاصل کرکے پہلی، سبلائم ایجوکیشنل اکیڈمی ہائر سیکنڈری اسکول کی عتیقہ نے 991 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ شاہینِ پاکستان اسلامک ہائر سیکنڈری اسکول کی اسوہٰ نے 987 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پری انجینئرنگ ریگولر گروپ میں الفیصل ہائر سیکنڈری اسکول کے زین حسن اکبری 993 نمبروں کے ساتھ پہلے، اقرا فاؤنڈیشن ہائر سیکنڈری اسکول کے قمبر عباس 965 نمبروں کے ساتھ دوسرے جبکہ انفو انگلش گرامر ہائر سیکنڈری اسکول کی سعدیہ 962 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔

جنرل سائنس ریگولر گروپ میں اسٹڈی برج سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول کی سارہ شاہ فہد خان نے 975 نمبر لے کر پہلی، سبلائم ایجوکیشنل اکیڈمی ہائر سیکنڈری اسکول کے محمد اسماعیل نے 968 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ الجادون اسکول اینڈ انٹرمیڈیٹ کالج کی مصباح عابد نے 964 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔کامرس ریگولر گروپ میں اسٹڈی برج سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول کی کومل یوسف 963 نمبروں کے ساتھ پہلی، دی ایجوکیریئر اسکولنگ سسٹم کی ایمان 962 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ انعم اقرا پبلک ہائر سیکنڈری اسکول کی قرة العین 956 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔

ہیومینیٹیز ریگولر گروپ میں اورینٹل ہائر سیکنڈری اسکول کی نہا لازر نے 895 نمبر لے کر پہلی، ایپکس ہائر سیکنڈری اسکول کی مناہل ندیم 880 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ اسکنٹیلیٹ ہائر سیکنڈری اسکول کی علیشبہ 878 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔آخر میں اکیڈمک ہیڈ شہباز نسیم نے کامیاب طلبہ و طالبات، ان کے والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں، چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین، چیئرپرسن ڈاکٹر ندا حسین اور ضیائ الدین بورڈ کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ آئندہ بھی شفافیت، میرٹ، معیار اور بروقت امتحانی خدمات کی اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے ممتاز امتحانی بورڈز میں اپنی نمایاں شناخت مزید مضبوط بنائے گا۔