بارش کے دوران 90 فیصد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی جاری رہی، کے الیکٹرک

ٹیکسز اور بجلی کے نرخوں کے تعین میں کے الیکٹرک کا کوئی کردار نہیں، ملک بھر میں یکساں ٹیرف پالیسی نافذ ہے، ترجمان

ہفتہ 25 جولائی 2026 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2026ء) کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران شہر میں کمپنی کا ترسیلی نظام مجموعی طور پر مستحکم رہا اور تقریباً 90 فیصد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہی، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت صرف نشیبی اور کنڈا زدہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کی گئی۔کے الیکٹرک کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بارش کے دوران جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بعض متاثرہ علاقوں میں بجلی عارضی طور پر بند کی گئی، جبکہ فیلڈ ٹیموں کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد متاثرہ فیڈرز کو مرحلہ وار بحال کر دیا گیا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی کے نرخ، سبسڈی اور صارفین کے بلوں میں شامل ٹیکسز کا تعین وفاقی حکومت اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کرتے ہیں، جبکہ کے الیکٹرک کا ٹیکسز کے تعین میں کوئی کردار نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یکساں ٹیرف پالیسی نافذ ہے اور کمپنی حکومتی ہدایات کے مطابق منظور شدہ نرخوں اور ٹیکسز کے نفاذ کی پابند ہے۔

ترجمان کے مطابق نجکاری کے بعد سے اب تک کے الیکٹرک نے بجلی کے ترسیلی اور تقسیم کے نظام کی بہتری کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جس کے نتیجے میں ترسیلی نقصانات میں نمایاں کمی آئی ہے اور کمپنی کے تقریباً 70 فیصد فیڈرز نیٹ ورک لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک عوامی اور سیاسی نمائندوں کے ساتھ مل کر بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔