قائد ملت نے چین کو تسلیم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، اسلم فاروقی

بدھ 29 جولائی 2026 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2026ء) بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی) پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے وزیر اعظم قائد ملت خان لیاقت علی خان نے خارجہ پالیسی میں دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوری 1950میں نو تشکیل شدہ عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ ان کے دور حکومت میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کی وہ مضبوط بنیاد بھی رکھی گئی جس پر آگے چل کر مئی 1951میں باضابطہ سفارتی تعلقات کا آغاز ہوا، یہ جو آج پاکستان اور چین کی دوستی کو شہد سے میٹھی اور ہمالیہ سے بلند کہا جاتا ہے یہ قائد ملت لیاقت علی خان کی ہی کمال دور اندیشی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہائیکورٹ کی لائبریری میں منعقدہ پاک چین دوستی کی گولڈن جوبلی تقریب کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اسلم خان فاروقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ قائد ملت لیاقت علی خان نے پاکستان کو کسی ایک بلاک تک محدود رکھنے کے بجائے چین جیسے عظیم ہمسایہ ملک کے ساتھ دوستانہ اور توازن پر مبنی تعلقات کا آغاز کیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان عدم مداخلت اور باہمی احترام کا وہ سنہرا باب کھلا جو آج 75سال بعد بھی قائم ہے، جو دونوں ملکوں کی عوام کے لیے باعث مسرت ہے۔