گرینڈ ایشین یونیورسٹی سیالکوٹ نے طلباء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اضافے کے لیے پروگرام شروع کیا ہے ، ترجمان

بدھ 29 جولائی 2026 22:25

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2026ء) گرینڈ ایشین یونیورسٹی سیالکوٹ نے طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کیریئر ڈویلپمنٹ سمر سکول 2026 کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک ماہ پر محیط یہ تربیتی پروگرام یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے مکمل طور پر مفت ہوگا، جس میں آٹھ انٹرایکٹو سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔

ترجمان یونیورسٹی کے مطابق اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو صرف تعلیمی کامیابی تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں عملی زندگی، انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔ تربیتی سیشنز میں مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے سی وی اور ریزیومے کی تیاری، لنکڈ اِن پروفائل اور ذاتی برانڈنگ، انٹرویو کی تیاری، فرضی انٹرویوز، کیریئر پلاننگ، ہدف بندی، مؤثر ابلاغ، پریزنٹیشن اسکلز، کور لیٹرز، پروفیشنل ای میل رائٹنگ، اے آئی کے ذریعے ملازمت اور اسکالرشپ کی تلاش، نیٹ ورکنگ، سائبر آگاہی اور ڈیجیٹل مہارتوں پر عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماہرین صنعت کی زیر نگرانی ہونے والا یہ پروگرام طلبہ کو جدید پیشہ ورانہ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، ان کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور انہیں کامیاب کیریئر کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ پروگرام میں شرکت صرف گرینڈ ایشین یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ہوگی جبکہ نشستیں محدود ہونے کے باعث طلبہ کو بروقت رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :