آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلہ میں انتخابی مہم 31 جولائی اور یکم اگست کی درمیانی شب 12 بجے ختم ہو جائے گی،الیکشن کمیشن

جمعرات 30 جولائی 2026 22:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلہ میں انتخابی مہم 31 جولائی اور یکم اگست کی درمیانی شب 12 بجے ختم ہو جائے گی،اس کے بعد الیکشن مہم کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ میں الیکشن کمیشن آزادکشمیر نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن کے 9 اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں 2 اگست کو پولنگ ہوگی،مقررہ وقت کے بعد ہر قسم کی انتخابی مہم، جلسہ، جلوس، ریلی اور کارنر میٹنگ پر پابندی ہوگی،انتخابی مہم کے اختتام کے بعد کسی بھی انتخابی اجتماع کے انعقاد یا شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے کہا کہ امیدواران، سیاسی جماعتیں اور کارکنان انتخابی قوانین، ضابطہ اخلاق اور الیکشن کمیشن کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں،پرامن، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام فریقین تعاون کریں۔کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی قوانین یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،عوام الناس انتخابی قوانین کی پابندی کریں اور انتخابی عمل کو پرامن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں،انتخابی مہم جمعہ کی رات 12 بجے اختتام پذیر ہوگی۔