بھارتی حکام نے جے کے ایچ اے کے ارکان کو سری نگر میں پرامن احتجاج کرنے سے روک دیا

بدھ 5 اگست 2026 17:02

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حکام نے جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن (جے کے ایچ ای) کے ارکان کو سری نگر میں پرامن احتجاج کرنے سے روک دیا۔ تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے دیرینہ مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو وہ 16 اگست سے بھوک ہڑتال شروع کر دے گی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تنظیم کے ارکان بعد آزاںسری نگر کے پریس انکلیو میں جمع ہوئے لیکن انہیں یہاں بھی دھرنا دینے کی اجازت نہیں دی گئی ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے کہا اگر15اگست تک انکے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ سولہ اگست سے بھوک ہڑتال شروع کر دیں گے۔ ’’جے کے ایچ اے‘‘ کے صدر عبدالرشید نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے قبل ازیں فروری میں جموں میں 18 روزہ دھرنا دیا تھا، جو سینئر حکام کی جانب سے ان کے مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد ختم ہوا۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن معذور افراد کے حقوق کے قانون کے نفاذ، معذوری کی پنشن میں اضافہ، تعلیم یافتہ معذور افرادکے لیے خصوصی بھرتی مہم، سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن اور دیگر فلاحی اقدامات کا مطالبہ کر رہی ہے۔