جموں و کشمیر،بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کے 2اہلکار زخمی

جمعرات 6 اگست 2026 13:15

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔کشمیر میڈیاروس کے مطابق حکام نے بتایا کہ فوجی مینڈھر سیکٹر کے کنگا گلی میں بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے کہ وہ پھٹ گئی۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ بارودی سرنگ کو فوج کی گشتی پارٹی نے دیکھا اور اس کے بعد ماہرین کو اسے کو ناکارہ بنانے کے لیے طلب کیا گیا، ناکارہ بنانے کے عمل کے دوران بارودی سرنگ پھٹ گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔

زخمی فوجیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کے علاقے میں بھارتی فوج کی جانب سے بارودی سرنگوں کے ناکارہ بنانے کے دوران اس طرح کے حادثات معمول بن چکا ہے۔ حفاظتی انتظامات کے فقدان اور ناقص عسکری تربیت کی وجہ سے بھارتی فوجی اس قسم کے مہلک حادثات کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔