پونچھ، بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کے 2اہلکار زخمی

بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے کے عمل کے دوران بارودی سرنگ پھٹ گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے

جمعرات 6 اگست 2026 16:48

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ کشمیر میڈیاروس کے مطابق حکام نے بتایا کہ فوجی مینڈھر سیکٹر کے کنگا گلی میں بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران وہ پھٹ گئی۔

(جاری ہے)

حکام نے مزید بتایا کہ بارودی سرنگ کو فوج کی گشتی پارٹی نے دیکھا، اور اس کے بعد ماہرین کو اسے کو ناکارہ بنانے کے لیے طلب کیا گیا۔ ناکارہ بنانے کے عمل کے دوران بارودی سرنگ پھٹ گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی فوجیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کے علاقے میں بھارتی فوج کی جانب سے بارودی سرنگوں کے ناکارہ بنانے کے دوران اس طرح کے حادثات معمول بن چکا ہے۔ حفاظتی انتظامات کے فقدان اور ناقص عسکری تربیت کی وجہ سے بھارتی فوجی اس قسم کے مہلک حادثات کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔