ًحضرت امام حسین ؑکی قربانی کسی خاص فرقے کیلئے نہیں بلکہ انسانیت کیلئے تھی: گورنر پنجاب

ؔحکومت کو چاہیے کہ وہ بذریعہ سڑک کربلا جانے والے زائرین کے لیے مناسب سہولیات اور سیکیورٹی کو یقینی بنائے

جمعرات 6 اگست 2026 19:15

{لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ کربلا میں حضرت امام حسین (علیہ السلام) اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی ناقابلِ فراموش ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ بذریعہ سڑک کربلا جانے والے زائرین کے لیے مناسب سہولیات اور سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج کربلا میں حضرت امام حسین (علیہ السلام) کے روضہ مبارک پر حاضری کے بعد کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ آج دنیا بھر میں اسلام حضرت امام حسین (علیہ السلام) کی قربانی کی بدولت زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے مسلمان اور غیر مسلم، دینِ اسلام کی بقا کے لیے حضرت امام حسین کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے آتے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ حضرت امام حسین کی قربانی کسی خاص فرقے کے لیے نہیں بلکہ انسانیت کے لیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہندو، عیسائی، مسلمان اور دنیا کے ہر مذہب کے لوگ نجف سے کربلا کی جانب رواں دواں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ حکومت بذریعہ سڑک کربلا آنے والوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود حضرت امام حسین کے روضہ مبارک پر لوگوں کی موجودگی ان سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے روضہ مبارک کے احاطے میں نوافل بھی ادا کیے۔ گورنر پنجاب نے ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔