قصور، پھول نگر شہر کو جدید اور ماڈل شہری سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر قانون

جمعہ 7 اگست 2026 15:40

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان کی زیرِ صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پھول نگر سٹی) کے ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر اے سی پتوکی نشتر رحمان لودھی ، انجینیئر رانا احسن، رانا جاوید اقبال ، رانا شہزاد اقبال اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی ترقیاتی پروگرام کے تحت پھول نگر میں تقریباً 5.063 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج سسٹم، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ، طوفانی پانی کی نکاسی، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر، پارکس کی بحالی، مائع فضلہ کی مشینری، ڈسپوزل اسٹیشنز کی سولرائزیشن اور جدید مین ہول کورز کی تنصیب سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ سیوریج سسٹم کے منصوبے کے تحت ٹرنک اور لیٹرل سیور لائنوں کی تنصیب، ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر اور موجودہ نظام کی بہتری پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ متعدد مقامات پر ابتدائی مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں۔ طوفانی پانی کی نکاسی کے منصوبے میں زیر زمین اسٹوریج ٹینک ، ڈرینز، فورس مین اور پمپ ہاؤس کی تعمیر پر بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بعض منصوبوں کے ٹینڈرز اور پروکیورمنٹ کے مراحل جاری ہیں جبکہ پارکس کی بحالی، ڈسپوزل اسٹیشنز کی سولرائزیشن اور دیگر ترقیاتی کام بھی مرحلہ وار مکمل کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو جدید شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔رانا محمد اقبال خان نے مزید کہا کہ پھول نگر شہر کو جدید اور ماڈل شہری سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، جس سے سیوریج، نکاسیٔ آب، صاف ستھرا ماحول، بہتر انفراسٹرکچر اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور عوامی مشکلات کے فوری ازالے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔\378