لاہور پولیس کی حراست میں جاں بحق دو خواتین پاکپتن میں سپردخاک

خواتین کی نماز جنازہ درگاہ بستی چن پیر میں ادا کی گئی ،دونوں ایک ، ایک بچے کی ماں تھیں دونوں گھوم پھر کر پنسلیں فروخت کرتی تھیں،وزیر اعلی پنجاب سے انصاف کی اپیل ہے ‘ ورثاء

جمعہ 7 اگست 2026 16:53

لاہور پولیس کی حراست میں جاں بحق دو خواتین پاکپتن میں سپردخاک
لاہور/پاکپتن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2026ء) لاہور میں مبینہ طور پر پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والی دو خواتین کی میتیں پولیس کی نگرانی میں ان کے آبائی علاقے بستی غوث نگر پاکپتن پہنچا دی گئیںجنہیں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔خواتین کی نماز جنازہ درگاہ بستی چن پیر میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں ایک دوسرے کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

لواحقین کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین نند بھاوج تھیں۔

(جاری ہے)

ان میں 18سالہ انمول بی بی ایک شیر خوار بچی کی والدہ تھیں جبکہ 20سالہ آمنہ بھی ایک بچے کی ماں تھیں۔اہل خانہ کے مطابق دونوں خواتین لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں رہائش پذیر تھیں اور گھوم پھر کر پنسلیں فروخت کرکے گزر بسر کرتی تھیں۔لواحقین کے مطابق ٹائون شپ پولیس نے 4اگست کو دونوں خواتین کو چوری کے الزام میں حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا جبکہ 5 اگست کو انہیں تھانے میں مردہ پایا گیا۔اہل خانہ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔