اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کےاثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 26-2025جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر ہے،الیکشن کمیشن

جمعہ 7 اگست 2026 15:34

اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی  کےاثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے کہ اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 26۔2025 جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر ہے۔ الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 26۔

2025 مجوزہ فارم۔بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ سیکشن 137 کے تحت ہر رکن اسمبلی و سینٹ سابقہ 30 جون تک کے اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے ہر سال 31 دسمبر سے پہلے یا 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائے گا۔

(جاری ہے)

سیکشن 137 کی ذیلی شق [2] کے تحت کمیشن ایک پریس ریلیز کے ذریعے ہر سال یکم جنوری کو مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے نام شائع کرے گا۔

کمیشن 15 جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کر دے گا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے تک وہ پارلیمنٹ واسمبلی کی کسی بھی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔اگر کوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو الیکشن کمیشن سیکشن 137 کے تحت گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر اس بد عنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کارروائی کرے گا۔

اس حوالے سے تیار کردہ ہدایات / رہنمائی کے ساتھ مقررہ فارم۔بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد ، متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر ، سینٹ سیکرٹریٹ ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مزیدبرآں ، فارم۔بی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pkسے بھی ڈائون لوڈ کیا جا سکتاہے۔