وزیرتعلیم کا تعلیمی سرگرمیوں کے جزوی آغاز کا سخت نوٹس، تعطیلات کے نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد کی ہدایت

جمعہ 7 اگست 2026 19:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2026ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بعض سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے جزوی آغاز کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں کو تعطیلات کے نوٹیفیکیشن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ وزیر تعلیم نے تعلیمی اداروں پر واضح کیا ہے کہ کسی سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے کو 24اگست سے پہلے تعلیمی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

تعطیلات کے نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد نہ کرنے والے سکولوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور سخت ایکشن لیا جائے گا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کیلئے باہم مشاورت سے ہی تعلیمی ادروں کو ایک ماہ کیلئے سمر کیمپس کی اجازت دی گئی تھی جس کے بعد وہ تعطیلات کے نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔ وزیر تعلیم نے تمام سکول مالکان کو ہدایت کی ہے کہ تعلیمی ادارے مقررہ شیڈول اور تعلیمی کیلنڈر کے مطابق ہی کھولے جائیں۔