جموں کشمیر،مختلف مقامات پر سی آئی کے چھاپے، ڈیجیٹل آلات ضبط

ہفتہ 8 اگست 2026 12:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس کے خصوصی ونگ کانٹر انٹیلی جنس کشمیر( سی آئی کے) نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چھاپے بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ، شوپیاں، اسلام آباد اور دیگر اضلاع میں ایک پرانے جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں مارے گئے۔

یہ مقدمہ 2023 میں کالے قانون ’’یواے پی اے‘‘ کے تحت درج کیا گیا تھا۔بھارتی پولیس اہلکاروں نے پیرا ملٹری اہلکاروں کے ہمراہ گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی کی کارروائیاں عمل میں لائیں جس دوران خواتیں اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کیا گیا اور قیمتی گھریلو اشیاء کی توڑ پھوڑ کی گئی۔تلاشی کارروائیوں کے دوران گھروں ، اراضی اور دیگر جائیدادوں کی ضروری دستاویزات ، لیب ٹاپ ، موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات ضبط کیے گئے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے فورسز اور ایجنسیوں کو آزاد ی پسند کشمیریوں کو نشانہ بنانے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنا اور ’’پبلک سفیٹی ایکٹ اور یو اے پی اے‘‘ جیسے کالے قوانین کے تحت انہیں برسہا برس تک سلاخوں کے پیچھے ڈالناقابض بھارتی انتظامیہ کا روز کا معمول ہے۔ جبر و استبداد کی ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد کشمیریوں کو ڈرا دھمکا کر تحریک آزادی سے کنارہ کشی اختیار کرنے پر مجبور کرنا ہے۔