سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ خوش آئند، او آئی سی کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام

ہفتہ 8 اگست 2026 22:58

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ خوش آئند، ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2026ء) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور پوری مسلم دنیا میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے اس اہم اسٹریٹجک اقدام کو سراہتے ہوئے معاہدے کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔

او آئی سی کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکرٹری جنرل نے اس تاریخی معاہدے کی تکمیل میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک کاوشوں کو سراہا ہے۔سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن و استحکام کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

حسین ابراہیم طہٰ نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے اور پوری مسلم دنیا میں سلامتی اور استحکام کی حمایت کے لیے ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق معاہدہ بڑھتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔او آئی سی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ رکن ممالک کے درمیان یکجہتی، تعاون اور تعمیری شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔او آئی سی نے اس اہم پیش رفت کو مسلم دنیا کے درمیان تعاون اور اجتماعی سلامتی کے فروغ کے تناظر میں اہم قرار دیتے ہوئے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی قیادت کے کردار کو سراہا ہے۔