جموں وکشمیر ، مختلف حادثات میں دو افراد کی موت ، متعدد زخمی

پیر 10 اگست 2026 14:37

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2026ء) بھارت کےغیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے چھی میں ایک 16 سالہ لڑکا بھی دریائے لدر میں ڈوب گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق واقعہ در محلہ چھی کے میں پیش آیا جہاں بارک بلال صوفی نامی لڑکا دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ اس کی لاش برآمد کر کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔

(جاری ہے)

ایک اور واقعے میں جموں کے مضافاتی علاقے گنگیال میں ایک 55 سالہ غیر ریاستی شخص بھرت کپر جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلی سریندر چودھری کے قافلے کی ایک گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ہلاک ہونے والا شخص سمستی پور بہار کا رہائشی تھا۔دریں اثناکم از کم 28 خواتین اس وقت زخمی ہوئیں جب ان کی منی بس جموں میں ایک فلائی اوور پر الٹ گئی۔ زخمیوں کی عمریں 18 سے 25 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں ۔ انہیں علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں منتقل کیا گیا۔ ادھر بٹوٹ ڈوڈہ روڈ پر ایک ٹیمپو گاڑی الٹنے سے کم از کم 10 مسافر زخمی ہو گئے۔