اتحاد العلماء ضلع سرگودھا کے امن کارواں اراکین کا محرم وصفر کے جلوسوں میں بہتر سکیورٹی پرضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین

جمعرات 13 اگست 2026 13:24

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) سرگودھا میں اتحاد العلماء ضلع سرگودھا کے امن کارواں اراکین نے محرم اور صفر کے جلوسوں اور مجالس کے موقع پر بہترین سیکورٹی و دیگر انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس،شہری دفاع اور دیگر اداروں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ربیع الاول کے جلوسوں میں اسی ہم آہنگی بھائی چارے اور درواداری کے مظاہرہ کو یقینی بنانے کا عزم کیا۔

(جاری ہے)

زرائع کے مطابق اتحاد العلما ضلع سرگودھا کے امن کارواں کے اراکین ملک ضیا الحق،شفقت اقبال للہ، چوہدری محمد ندیم،شیخ نعیم طاہر، وقاص رف، قاری عبد الرحمن،ملک محمد اقبال، عون مرتضی کرمانی، میاں محمد رضا نے جلوس تابوت امام حسن پر ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر توقیر محمد نعیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنر شیر محمد گوندل،چیف آفیسر احمد بلال مخدوم،اے ایس پی سٹی سرکل وقار احمد اور چیف وارڈن شہری دفاع خواجہ محمد ارشد سے ملاقات میں محرم الحرام اور صفر المظفر کے جلوسوں و مجالس کے انعقاد پر بہترین سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات اور اعزا داروں کو سہولیات پر ضلعی انتظامیہ پولیس، شہری دفاع،میونسپل کارپوریشن اور دیگر اداروں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ربیع الاول کے جلوسوں میں بھی اسی ہم آہنگی بھائی چارہ اور رواداری کے مظاہرہ کو یقینی بنایا جائے گا۔