ٓجشن آزادی سپورٹس فیسٹیول، سپورٹس رائٹرز نے ڈی جی سپورٹس الیون کو شکست دے کر ٹرافی جیت لی

جمعرات 13 اگست 2026 22:29

iپشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2026ء) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ ابتدائی روز پشاور سپورٹس کمپلیکس میں ڈی جی سپورٹس الیون اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ میں سپورٹس رائٹرز کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس الیون کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

میچ کے آغاز پر سابق ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک مہمان خصوصی تھے، جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر، ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ فیصل، خیبریونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری ارشاد میدانی ،سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدرعاصم شیراز،سینئر صحافی شکیل الرحمان، عمران یوسفزئی، عظمت اللہ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ محکمہ کھیل کے زیر اہتمام 14 اگست کی مناسبت سے سپورٹس فیسٹیول بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے، جس میں مختلف کھیلوں کے ساتھ تفریحی پروگرام بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ایسی مثبت سرگرمیاں انتہائی ضروری ہیں، کیونکہ کھیل اور صحت مند سرگرمیاں جسمانی و ذہنی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔

میچ میں سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے کپتان عاصم شیراز نے ٹاس جیت کر ڈی جی سپورٹس الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ڈی جی سپورٹس الیون نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے۔ یوسف آفریدی 40، تاشفین حیدر 22، نعمت اللہ 16، عمر ارشد 12 اور شاہ فیصل 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔سپورٹس رائٹرز کی جانب سے شہزادہ فہد نے 2 جبکہ شاہد آفریدی، ارشاد میدانی، بلال آفریدی اور سعد بن اویس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

100 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سپورٹس رائٹرز کی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر آٹھویں اوور میں حاصل کرلیا۔ ارشاد میدانی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 45 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ واجد شہزاد نے 40 رنز بنائے۔ ڈی جی سپورٹس الیون کی جانب سے یوسف آفریدی اور اشفاق احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر ارشاد میدانی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سپورٹس رائٹرز کی کامیابی میں عمران یوسفزئی، عدنان شاہد، نبی جان، ہاشم، ہمایون، قادر خان، امجد خان، فرحان خلیل، شاہد اور حق نواز نے بھی اہم کردار ادا کیا۔